نئی دہلی 10/جون (ایس او نیوز/ایجنسی) مانسون نے اپنی دستک کے ساتھ ہی مہاراشٹرا کو پانی میں شرابور کردیا ہے۔ پچھلے کچھ دنوں میں یہاں ہوئی زوردار بارش نے نہ صرف شہر کی رفتار پر بریک لگا دیا ہے ... بلکہ کئی جگہ تباہی بھی مچا دی ہے. لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے. کیونکہ محکمہ موسمیات نے ممبئی، کونکن اور گوا میں اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں بھاری بارش کا الرٹ جاری کیا ہے. بھارتی محکمہ موسمیات نے سیٹلائٹ امیج کے ذریعے بادلوں کی صحیح پوزیشن کی بھی جانکاری لی ہے۔ محکمہ نے بتایا کہ مانسون اپنے وقت کے مطابق اپنی رفتار سے چل رہا ہے اور بحرعرب سے آکر خلیج بنگال کی کھاڑی ہوتا ہوا مشرقی بھارت تک پہنچ رہا ہے۔
کونکن کے 6 اضلاع میں الرٹ
محکمہ موسمیات کے مطابق 10 اور 11 جون کو ممبئی اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں موسلادھار بارش ہو گی، جبكہ کونکن کے 6 اضلاع میں بھی شدید بارش ہونے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
UP نے بھی پکڑی رفتار
اتر پردیش کے محکمہ موسمیات کے مطابق، اس بار مانسون نے اپنی رفتار اچھی بنائی رکھی ہے. اس بار مانسون صحیح رفتار سے آگےبڑھ رہا ہے. اسی رفتارسے مانسون آگے بڑھتا رہا تو اس سال اچھی بارش درج کئے جانے کی توقع ہے. فی الوقت، مانسون کیرالا سے سرگرم ہوکر ممبئی پہنچ گیا ہے. مانسون کی رفتار کا یہی حال رہا تو جون آخر تک یوپی میں بارش کا سلسلہ برابر جاری رہ سکتا ہے۔
مہاراشٹر میں 4 افراد ہلاک
مہاراشٹر کے لاتور میں ایک بزرگ کی پانی کے بہائو میں بہہ جانے سے موت ہو گئی ہے، تھانے ضلع میں بھی دو لوگوں کی موت ہو گئی ہے. تھانے میں سنیچر صبح بجلی گرنے سے ایک ماہی گیر کی موت ہو گئی جبکہ چھ افراد زخمی ہو گئے. وہیں تھانے میں ہی تیز بارش اور راستوں پر پڑے گڈھوں کی وجہ سے ایک اسکوٹی پر پچھلی سیٹ پربیٹھی خاتون گر گئی اور ٹرک کی زد میں آکر اس کی موت ہوگئی. سنیچر کو ممبئی میں بھی بھاری بارش ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ٹرین سروس پر بھی کافی اثر پڑا ہے۔
ممبئی میں این ڈی آر ایف کی کئی ٹیمیں تعینات
دہلی میں آندھی طوفان اور بارش سے موسم کا مزاج تھوڑا بدلا اورسہانا ہو گیا ہے، لیکن ممبئی کے لئے ابھی راحت کی بات نہیں ہے. محکمہ موسمیات نے اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں ممبئی اور آس پاس کے علاقوں میں شدید سے شدیدتر بارش ہونے کی وارننگ جاری کی ہے، ایسے میں محکمہ موسمیات کی وارننگ کو ذہن میں رکھتے ہوئے انتظامیہ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی تیاریاں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔. شہر میں این ڈی آر ایف کی کئی ٹیمیں پہلے ہی کام کر رہی ہیں، جبکہ کئی دیگر ٹیموں کو بھی ممبئی کے لئے روانہ کیا گیا ہے.
ان ریاستوں میں اچھی بارش
مانسون فی الحال مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، مراٹھواڑا، ودربھ، چھتیس گڑھ، اڈیسہ سے بنگال کی کھاڑی تک پہنچ چکا ہے. بحر عرب سے چلا مانسون اب ممبئی، احمد نگر، پربھنی، يوٹمل، برہمپوري، راج نندگائوں، بھواني پور اور پوری ہوتے ہوئے مشرقی بھارت کے اگرتلا میں ہے.